بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر نہیں جانے دے گا: محسن رضائی

قومی خبریں
ایران افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر نہیں جانے دے گا: محسن رضائی

ایران نے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو بیرون ملک منتقل کرنے کا امکان یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جوہری مواد ملک کے اندر ہی رکھا جائے گا اور اس کے استعمال کا فیصلہ بھی تہران خود کرے گا۔ ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے خبردار کیا ہے کہ امریکا نے دوبارہ فوجی کارروائی کی تو ایران امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرے گا۔

لبنانی ذرائع ابلاغ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ ایران اپنے افزودہ یورینیم کا ایک ذرہ بھی ملک سے باہر لے جانے کی اجازت نہیں دے گا۔ اس حوالے سے ایران کا مؤقف بالکل واضح ہے اور جوہری مواد کی بیرون ملک منتقلی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔

محسن رضائی نے بتایا کہ تہران اپنے روسی اتحادیوں کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کرچکا ہے کہ افزودہ یورینیم ایران ہی میں محفوظ رکھا جائے گا اور اسے ملک کی ضروریات کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔ ایران کو جوہری توانائی سے چلنے والے بحری جہازوں اور آبدوزوں کی تیاری کے لیے اس افزودہ مواد کی ضرورت ہے، اس لیے اسے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے فوجی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایران جدید الیکٹرانک جنگی ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جس کے ذریعے امریکی ڈرونز کے نظام کو اپنے کنٹرول میں لے کر انہیں زمین پر گرایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے امریکا کو خبردار کیا کہ اگر اس نے ایران کے خلاف دوبارہ حملہ کیا تو تہران جوابی کارروائی میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔ ایران کی جوابی کارروائی صرف قریبی فوجی اڈوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ دور دراز علاقوں میں موجود امریکی فوجی مراکز بھی اس کی زد میں آسکتے ہیں۔

محسن رضائی نے جنگ کے خاتمے سے متعلق ایرانی شرائط بیان کرتے ہوئے کہا کہ تمام محاذوں پر جاری لڑائی کا مکمل خاتمہ تہران کے بنیادی مطالبات میں شامل ہے۔ بالخصوص لبنان میں جاری جنگ کا اختتام بھی ایران کی اہم شرائط میں سے ایک ہے۔

تاہم ایرانی عہدیدار نے اپنے انٹرویو میں کسی مخصوص معاہدے، مجوزہ مذاکراتی لائحہ عمل یا جوہری تنازع کے حل کے لیے پیش کی جانے والی کسی نئی تجویز کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔ ان کے اس بیان پر امریکا اور دیگر متعلقہ فریقوں کی جانب سے بھی تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت