اسلام آباد: سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس عمارت کو قبضے کی جگہ پر قرار دے دیا

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں بری امام ہاؤس نامی عمارت کو سرکاری زمین پر قائم غیر قانونی قبضہ قرار دے دیا۔
سی ڈی اے نے متفرق درخواست کے ذریعے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے سرکاری ریکارڈ میں بری امام ہاؤس کے نام سے کوئی عمارت موجود نہیں۔ نورپور شاہاں کی زمین کا ماضی میں حصول کیا جاچکا ہے اور اس کے مالکان کو معاوضہ بھی ادا کیا جاچکا ہے۔
جواب میں کہا گیا ہے کہ حضرت بری امام کے مزار کی جگہ سرکاری ریکارڈ میں الگ نمبروں کے تحت درج ہے اور بری امام ہاؤس نامی عمارت کا مزار کی زمین سے کوئی تعلق نہیں۔ محض عمارت کو بری امام ہاؤس کا نام دینے یا اسے مزار سے منسلک کرنے سے درخواست گزار کو زمین پر قانونی حق حاصل نہیں ہوجاتا۔
سی ڈی اے کے مطابق محل وقوع اور محکمہ مال کے ریکارڈ سے واضح ہے کہ بری امام ہاؤس اور بری امام دربار دو الگ الگ مقامات ہیں، جنہیں ایک ہی جائیداد تصور نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گزار کے پاس بری امام ہاؤس کی جگہ پر قبضے یا اسے استعمال کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کا مؤقف سنے بغیر حکم امتناع جاری کیا گیا، جبکہ اتھارٹی کو درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے۔ سی ڈی اے نے استدعا کی ہے کہ مقدمہ رواں ہفتے ہی جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس سے متعلق درخواست پر حکم امتناع جاری کر رکھا ہے، جسے ختم کرانے کے لیے سی ڈی اے نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت