سعودی عرب کا بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے میں اظہارِ دلچسپی

کوئٹہ: سعودی عرب نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کے ہنرمند نوجوانوں کو سعودی عرب میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔دس رکنی سعودی کاروباری وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، دستیاب وسائل اور تیار منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے بلوچستان کے تیار سرمایہ کاری منصوبوں میں عملی طور پر حصہ لینے اور مختلف منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سعودی کاروباری وفد کی بلوچستان آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت