روس کیلیے جاسوسی کے الزام میں امریکی فوج کا سینئر اہلکار گرفتار

لندن: برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے روس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں امریکی فوج کے ایک سینئر اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔ امریکی فوجی اہلکار کی گرفتاری کو امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی قومی سلامتی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کا دائرہ بھی وسیع کردیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والے امریکی فوجی اہلکار کی عمر 41 سال ہے، جسے منگل کے روز برطانیہ کے علاقے گلاسٹر کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ لندن کی انسدادِ دہشت گردی پولیس کے مطابق گرفتاری نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعہ 1 اور دفعہ 3 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق نیشنل سکیورٹی ایکٹ کی دفعہ 1 کا تعلق خفیہ معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کرنے یا افشا کرنے سے ہے جبکہ دفعہ 3 کے تحت کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنا قابلِ گرفت جرم ہے۔ ان دفعات کے تحت گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ تفتیش کا بنیادی مرکز حساس معلومات کے حصول اور کسی غیر ملکی خفیہ ادارے کے ساتھ ممکنہ روابط ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے گلاسٹر شائر میں 2 مختلف مقامات پر تلاشی کا عمل شروع کردیا ہے۔ حکام ان مقامات سے ممکنہ طور پر ایسے شواہد اور مواد حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو زیرِ تفتیش الزامات کی نوعیت اور ان کے پس منظر کو سمجھنے میں مدد دے سکیں،پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ ان مقامات سے کسی قسم کی مشکوک دستاویزات یا دیگر شواہد برآمد ہوئے ہیں یا نہیں۔
دوسری جانب امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بھی اس گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اہم گرفتاری ہے، جس کا تعلق جاسوسی کے سنگین الزامات سے ہے،یہ الزامات امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔
امریکی فوج کے سینئر اہلکار کی برطانیہ میں گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مغربی ممالک اور روس کے درمیان تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے اور قومی سلامتی، حساس معلومات کے تحفظ اور خفیہ سرگرمیوں کے حوالے سے سکیورٹی ادارے غیر معمولی طور پر محتاط ہیں۔
اب تک برطانوی پولیس یا امریکی حکام کی جانب سے یہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں کہ گرفتار اہلکار نے کون سی خفیہ معلومات حاصل کیں یا روس کو فراہم کرنے کی کوشش کی، اس کے علاوہ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اس کے روسی انٹیلی جنس حکام سے براہِ راست روابط تھے یا نہیں۔ گرفتار اہلکار پر عائد الزامات کی مکمل نوعیت اور ممکنہ جاسوسی سرگرمیوں کے بارے میں مزید تفصیلات تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت