بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

راولپنڈی ٹیسٹ میں 3 پاکستانی ڈیبیو کھلاڑیوں نے 34 سالہ عالمی ریکارڈ برابر کردیا

قومی خبریں
راولپنڈی ٹیسٹ میں 3 پاکستانی ڈیبیو کھلاڑیوں نے 34 سالہ عالمی ریکارڈ برابر کردیا

پاکستان کے 3 نوجوان کرکٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا، طیب عارف، محمد طحہٰ اور عرفات منہاس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں نصف سنچریاں بنا کر 34 سال پرانا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں جاری 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں نوجوان کھلاڑیوں کی اس غیر معمولی کارکردگی نے ایک منفرد عالمی اعزاز کو دہرا دیا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تاریخ میں یہ محض دوسرا موقع ہے جب کسی ٹیم کے 3 ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے ایک ہی اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز اسکور کیے ہوں۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار میدان میں اترنے والے طیب عارف نے پہلے روز ہی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے اذان اویس کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے جارحانہ بیٹنگ کی اور محض 51 گیندوں پر 57 رنز بنا ڈالے۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

Making it to the Test arena 🏏

Mohammad Taha reflects on his journey to Test cricket, his half-century on debut against Sri Lanka and the lessons learnt from domestic cricket 💫

#PAKvSL | #CricketKaJashan https://t.co/AcSvPzM0AV

طیب عارف کے بعد 26 سالہ آل راؤنڈر محمد طحہٰ نے بھی اپنے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کو یادگار بنادیا۔ انہوں نے محتاط اور ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 105 گیندوں کا سامنا کیا اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 رنز اسکور کیے، یوں وہ بھی ڈیبیو پر نصف سنچری بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے اس تاریخی کارکردگی کو مکمل کرنے والے تیسرے کھلاڑی عرفات منہاس تھے، جنہوں نے میچ کے دوسرے روز آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آکر سری لنکن بولرز کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے صرف 72 گیندوں پر 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ان کی نصف سنچری نے پاکستان کو پہلی اننگز میں 400 رنز کا مجموعہ عبور کرنے میں بھی اہم مدد فراہم کی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہی اننگز کے دوران 3 نئے کھلاڑیوں کی جانب سے نصف سنچریاں بنانے کا ایسا ہی واقعہ آخری مرتبہ 1992 میں پیش آیا تھا۔ اس وقت زمبابوے اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ مقابلے میں زمبابوے کے گرانٹ فلاور، ڈیو ہاٹن اور اینڈی فلاور نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی اننگز میں 50 سے زیادہ رنز بنا کر یہ منفرد اعزاز حاصل کیا تھا۔

تقریباً 34 سال بعد راولپنڈی ٹیسٹ میں طیب عارف، محمد طحہٰ اور عرفات منہاس نے اپنی غیر معمولی کارکردگی سے اسی عالمی ریکارڈ کو دہرا دیا۔ اس طرح تینوں نوجوان پاکستانی کرکٹرز نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز نہ صرف نصف سنچریوں کے ساتھ کیا بلکہ ایک تاریخی کارنامے میں بھی اپنا نام شامل کرالیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت