جماعت اسلامی کا 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کرنے کا اعلان

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔
منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیخلاف جو جدوجہد کی اس کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں، تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بتایا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کو ریلیف دیا جارہا ہے۔ 800 سی سی گاڑیوں کے ساتھ 1300 سی سی گاڑیوں کو بھی پیٹرول پر ریلیف دیا جائے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی ختم ہونی چاہیے۔ حکومت کے مذاکرات کے 9 ادوار ہوچکے ہیں۔ حکومت نے لیوی سے متعلق بتایا کہ یہ آئی ایم ایف کا مسئلہ ہے۔ اس حوالے سے بھی ایک ڈرافٹ تیار کیا گیا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ 1800 سی سی اور اس اوپر کی گاڑیوں پر ٹیکس لگا دیا جائے، چھوٹی گاڑیوں پر بوجھ نہیں پڑنا چاہیے۔ ہماری کمیٹی نے آخری مرتبہ بھی حکومت کو تجاویز دی ہیں۔ ہم نے لیوی کے خاتمے کے لیے واضح تجاویز پیش کی ہیں۔ حکومت بڑی گاڑیوں پر امپورٹ ٹیکس بڑھائے اورلیوی بھی ان گاڑیوں پر منتقل کردے۔ ٹریکٹر اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو ریلیف ملنا چاہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تو پیٹرول کی قیمت 1000 روپے تک جانے کا عندیہ دیا تھا۔ جماعت اسلامی کی کوششوں سے قیمتوں کی کمی ہونا شروع ہوئی ہیں۔ 1800 سی سی سے بڑی گاڑی والا حکومت اور مافیا کا طبقہ ہوتا ہے۔ سیاسی جماعتوں میں لوگوں کی عیاشیاں لگی ہوتی ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں میں بڑی گاڑیوں کا لشکر ہوتا ہے۔ جن کی آمدن نظر نہیں آتی وہ عوام کے پیسوں سے بڑی گاڑیاں رکھتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیوں کا امپورٹ ٹیکس بڑھائیں، لیوی ان پر عائد کریں۔ٹریکٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ریلیف پیکیج میں لایا جائے۔ اگر جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت ریلیف نہ دیتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر نے کہا پیٹرول ہزار روپے لیٹر بھی ہو سکتا ہے۔ آئل ریفائنریز کی نشاندہی بھی جماعت اسلامی نے کی۔ عوام پر بوجھ ڈال کر ریفائنریز کو فائدہ پہنچایا گیا۔ پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز مافیاز کا کارٹیل ہے۔ اس کارٹیل میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی تمیز نہیں ہے۔ یہ کارٹیل مل کر عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ اس وقت عالمی مارکیٹ میں آئل سستا ہو رہا ہے۔ آئل ریفائنریز کا مارجن کم کر کے قیمتیں مزید کم کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ حکومت نے پہلے 240 روپے اب 279 روپے گیس کی قیمت مقرر کی، حکومتی قیمت پر گیس کہیں بھی دستیاب نہیں، 700 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ ایل پی جی کا سلنڈر حکومت قیمت سے دگنی قیمت پر بیچا جا رہا ہے۔ ایل پی جی قانونی طور پر ایران سے آ رہی تھی۔ پاکستان کا اس میں 70 فیصد حصہ تھا، یہ بند کیوں کی گئی؟ حکومت کہتی ہے سپلائی کا مسئلہ ہے، پہلے تیاری کیوں نہیں کی؟ ۔
حافظ نعیم نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہمارے پاس جگہ نہیں کہ بڑے کنٹینرز لیے جائیں۔ کنٹینرز اور جگہ کرایے پر لے کر عوام کو سہولیات دیں۔: پیٹرول اور گیس نکالنے کے لیے کسی بین الاقوامی کمپنی نے بڈنگ میں حصہ نہیں لیا۔ گنا مکمل تیار ہے لیکن 15 تاریخ تک کرشنگ کے لیے کچھ نظر نہیں آرہا۔ حکومت چینی کبھی امپورٹ کبھی ایکسپورٹ کر کے مال بناتی ہے۔ شوگر مافیاز اور حکومت مل کر عوام کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ حکومت کسانوں کو مناسب قیمت دینے کو تیار نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ گندم کی فصل لگانے کے لیے بیج 9000 روپے میں بھی نہیں مل رہا۔ مریم نواز کی زرعی پالیسی نے کسان کو تباہ کر دیا ہے۔ گندم کی قیمت کسان کو پوری ملتی نہیں، روٹی مہنگی ملتی ہے۔ کسانوں کو مناسب قیمت نہ دینے سے بحران پیدا ہوتا ہے۔ درمیان والے لوگ کسان سے سستی گندم لے کر عوام کو مہنگی دیتے ہیں۔ مریم نواز حکومت نے زراعت اور تعلیم کو مکمل تباہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اسکولوں میں بچوں کے ساتھ تصویریں بنواتی ہیں۔ مریم نواز یہ نہیں بتاتی نویں میں 52 فیصد بچے فیل کیوں ہوئے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے احتجاج سے دستبردار نہیں ہوگی۔ 29 نومبر کو مینار پاکستان میں بڑا جلسہ کریں گے۔ 22 نومبر کو کوئٹہ میں بڑا جلسہ ہوگا۔ پھر کےپی کے اور کراچی میں بھی جلسے ہوں گے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پچھلے 10 سال میں کپاس کی فصل 60 فیصد کم ہو گئی ہے۔ حکومت اپنے طے کردہ اہداف آدھے بھی پورے نہیں کر پا رہی۔ کپاس اگانے والے علاقوں میں شوگر ملیں بن رہی ہیں۔ شوگر ملز کا معاملہ پنجاب اسمبلی میں بھی اٹھایا گیا۔
پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریلیف پیکیج کا ڈرافٹ بن چکا ہے، اس پر اتفاق بھی ہے۔ عالمی مارکیٹ کی قیمتیں اصل مسئلہ نہیں ہے۔ اصل مسئلہ پٹرولیم لیوی ہے، جو غریبوں پر بوجھ ہے۔ ہم کہتے ہیں حکومتی افسر 1300 سی سی سے بڑی گاڑی استعمال نہ کریں۔ بیوروکریٹس کے پاس 4 ہزار سی سی کی گاڑیاں کیوں ہیں؟
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمیں صرف عوام کے لیے ریلیف چاہئے، آپ کی پیچیدگیوں پر نہیں جاتے۔ جماعت اسلامی کے سوا کسی جماعت نے پیٹرول پر بات نہیں کی۔ سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہمارے ارکان نے قراردادیں جمع کرائیں۔ 2 سال قبل عوام پیٹرولیم لیوی کے بارے میں نہیں جانتے تھے۔جماعت اسلامی نے بچے بچے کو لیوی کے بارے بتایا۔عوام کو پیٹرول پر ریلیف جماعت اسلامی کی وجہ سے ہی ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئل ریفائنریز کے بھی اپنے دھندے ہیں۔ یہ مقامی آئل کو بھی درآمدی آئل کی قیمت پر بیچتے تھے۔ ہم نے جلسے کیے، سڑکوں پر آئے، دھرنے دیے۔ ہم اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوئے، احتجاج اور مذاکرات ساتھ ساتھ چلاتے ہیں۔ جماعت اسلامی ماحولیات کے حوالے سے بھی ورکنگ پیپر تیار کررہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت