کانگو: بغاوت اور بزدلی کے الزامات ثابت ہونے پر 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی گئی

افریقی ملک جمہوریہ کانگو کے مشرقی صوبے شمالی کیوو میں فوجی عدالت نے بغاوت، حکم عدولی اور میدان جنگ سے فرار ہونے کے الزامات ثابت ہونے پر 66 فوجیوں کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔ اسی مقدمے میں 4 اہلکاروں کو الزامات سے بری جبکہ ایک کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق والیکالے میں قائم فوجی عدالت میں مجموعی طور پر 71 فوجیوں کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد مسلح گروہوں کے خلاف جاری فوجی آپریشنز کے دوران اہلکاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنا اور فوجی قیادت کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
مقدمے میں سزا پانے والے فوجیوں کو 20 اکتوبر کو والیکالے کے علاقے سے حراست میں لیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ باغیوں کے ساتھ شدید جھڑپوں کے دوران انہوں نے اپنی دفاعی پوزیشنیں چھوڑ دیں اور محاذ جنگ سے فرار ہوگئے۔ اس واقعے کو فوجی حکام نے احکامات کی خلاف ورزی اور عسکری ذمہ داریوں سے انحراف قرار دیا تھا۔
شمالی کیوو سمیت کانگو کے مشرقی علاقوں میں حکومتی افواج کو باغی اتحاد فرنٹ فار دی ری فاؤنڈیشن آف دی نیشن کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا ہے، جس میں معروف مسلح تنظیم ایم 23 بھی شامل ہے۔ خطے میں جاری شورش کے باعث فوجی آپریشنز مسلسل مشکلات سے دوچار ہیں۔
مشرقی کانگو میں مسلح گروہوں کے خلاف فوجی مہمات کو طویل عرصے سے فوج کے اندر بدانتظامی، کمزور نظم و ضبط اور کمانڈ اسٹرکچر کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔ فوجی اہلکاروں کو کم تنخواہوں اور ضروری عسکری سازوسامان کی قلت کی شکایات بھی ہیں، جس کے باعث فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
کانگو حکومت متعدد مرتبہ ہمسایہ ملک روانڈا پر ایم 23 باغی گروپ کی حمایت اور سرپرستی کا الزام عائد کرچکی ہے، تاہم روانڈا کی حکومت اور خود باغی تنظیم ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ اس کے باوجود آزاد ذرائع سے سامنے آنے والے شواہد میں روانڈا کے مبینہ کردار کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے۔
کانگو میں فوجی اہلکاروں کو سخت سزائیں دینے کا سلسلہ نیا نہیں، گزشتہ ماہ بھی میدان جنگ سے پسپائی اور بزدلی کے الزامات کے تحت 27 فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ فوج کے اندر غداری اور بغاوت کے واقعات کی روک تھام کے لیے حکومت نے مارچ 2024 میں سزائے موت پر عائد تقریباً 20 سالہ پابندی ختم کردی تھی۔
حکومت نے پابندی ختم کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوجی صفوں میں موجود غداروں کے خلاف سخت اقدامات ضروری ہیں۔ اس فیصلے کے تحت مسلح گروہوں کے ارکان، بغاوت کرنے والوں، غداری اور جنگی جرائم میں ملوث افراد کو سزائے موت دی جاسکتی ہے۔
حکومت کے اس اقدام کو انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پابندی ختم ہونے کے بعد سے اب تک کسی مجرم کی سزائے موت پر باضابطہ عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے آر ایف آئی کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک مختلف جرائم میں 507 فوجیوں کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں، جن میں سے 381 کو سزائے موت کا حکم دیا گیا ہے۔ ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگو میں فوجی اہلکاروں کے خلاف سخت عدالتی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سزائے موت پانے والی نمایاں شخصیات میں کانگو کے سابق صدر جوزف کابیلا بھی شامل ہیں، جنہیں اکتوبر 2025 میں غداری اور جنگی جرائم کے الزامات کے تحت ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ کابیلا نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات مسترد کردیے تھے اور عدالتی کارروائی میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ بعد ازاں انہیں ایف آر این باغی اتحاد کا رہنما بھی نامزد کردیا گیا تھا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت