9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری

پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
عدالت کے جج ولی محمد نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران سابق وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم اپنے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے۔ عدالت نے تینوں سابق وزرا کی عبوری ضمانت میں 17 نومبر تک توسیع کردی۔
ملزمان کے وکلا نے تیاری کے لیے مہلت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی، جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے مزید کارروائی 17 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان کی درخواست پر درج 9 مئی حملہ کیس میں سہیل آفریدی، سابق وزرا تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش، عرفان سلیم اور عامر خان چمکنی نامزد ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت