بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نویں جماعت کے امتحان میں اچھے نمبر لانے پر والد نے بیٹے کو کروڑوں کی بی ایم ڈبلیو تحفے میں دے دی

قومی خبریں
نویں جماعت کے امتحان میں اچھے نمبر لانے پر والد نے بیٹے کو کروڑوں کی بی ایم ڈبلیو تحفے میں دے دی

بھارت میں ایک کاروباری شخصیت نے اپنے 15 سالہ بیٹے کی تعلیمی کامیابی پر اسے 2 کروڑ 30 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی لگژری گاڑی تحفے میں دے کر سب کو حیران کردیا۔ نویں جماعت کے ششماہی امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنے پر والد نے بیٹے کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے اسے بی ایم ڈبلیو ایم 4 کمپیٹیشن خرید کر دے دی۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاست مغربی بنگال کے ضلع مشرقی بردوان میں پیش آیا، جہاں کاروباری شخصیت شمس الدین مدیا نے اپنے بیٹے محمد طلحہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہنے کے لیے یہ غیر معمولی تحفہ دیا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق محمد طلحہ نویں جماعت کا طالب علم ہے اور اس نے ششماہی امتحانات میں نمایاں نمبر حاصل کیے تھے۔ بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے والد نے اسے اس کی پسندیدہ گاڑی دلانے کا فیصلہ کیا۔ طلحہ کافی عرصے سے بی ایم ڈبلیو کی اس مہنگی گاڑی کا خواہش مند تھا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹے کی خواہش پوری کرنے کے لیے شمس الدین مدیا نے ممبئی کا سفر کیا اور وہاں سے گاڑی خریدی۔ بعد ازاں اسے خصوصی کنٹینر کے ذریعے ان کے آبائی علاقے منتقل کیا گیا، جہاں نئی گاڑی ملنے پر نوجوان کی خوشی دیدنی تھی۔

تاہم اس تحفے کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ 15 سالہ محمد طلحہ فی الحال خود اپنی نئی گاڑی سڑکوں پر نہیں چلا سکتا، کیونکہ بھارتی قوانین کے تحت اس عمر میں موٹر کار چلانے کا قانونی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ نوجوان کا کہنا ہے کہ فی الوقت وہ اپنے والد کے ہمراہ اس گاڑی میں سفر کرے گا۔

دوسری جانب کروڑوں روپے مالیت کی گاڑی کم عمری میں تحفے میں ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی خاصی توجہ حاصل کررہی ہے۔ صارفین ایک طالب علم کو امتحانات میں اچھے نمبر لینے پر اتنا مہنگا تحفہ دیے جانے پر حیرت کا اظہار کررہے ہیں، جبکہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر دلچسپی کا موضوع بن گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت