لاہور: مختلف علاقوں میں چوری کی وارداتوں میں ملوث میاں بیوی گرفتار

لاہور میں سیف سٹی کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اقبال ٹاؤن، اچھرہ، سمن آباد اور ملت پارک میں چوری کی وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ورچوئل پٹرولنگ افسران نے مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا تجزیہ کرکے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ فوٹیجز کی مدد سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کی نشاندہی کی گئی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ملزمان کی شناخت اور موٹرسائیکل کی تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔
سیف سٹی ٹیم نے تصاویر، موٹرسائیکل کی معلومات اور دیگر ڈیجیٹل شواہد متعلقہ پولیس کو فراہم کیے، جس کی بنیاد پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں چوری کی متعدد وارداتوں کے مقدمات درج ہیں۔ پنجاب بھر میں جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت