بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشترکہ تحریک کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا: بیرسٹر گوہر

قومی خبریں
مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشترکہ تحریک کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی مشترکہ حزب اختلاف کا حصہ ہیں، تاہم جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کے ساتھ حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور اس بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔

اپنے بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی خواہش تھی کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاسی اتحاد قائم ہو، اسی سلسلے میں ان سے متعدد ملاقاتیں بھی ہوئیں، تاہم ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد کل جماعتی کانفرنس کے امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں مولانا فضل الرحمان اور تحریک انصاف مشترکہ حزب اختلاف میں ایک ساتھ ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں جماعتوں نے مشترکہ طور پر کوئی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلانے کے معاملے پر ابھی حتمی بات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں قید رہنماؤں سے ملاقاتوں کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ عدالتی احکامات پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات سے دستبردار نہیں ہورہی بلکہ ان میں بھرپور حصہ لے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی انتخابی عمل کا حصہ بنے گی اور بلدیاتی انتخابات میں اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت