کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو بارش کا امکان

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں جمعہ کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، جس کے زیر اثر جمعہ کو کراچی، ٹھٹھہ، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور نوشہرو فیروز میں چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور خنک رہنے کا امکان ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی دھند چھا سکتی ہے۔ کراچی میں بھی جمعرات کو ہلکی دھند متوقع ہے۔
محکمے کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت