ایرانی دھمکیوں کے باعث امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ گھر چھوڑ کر فوجی اڈے منتقل ہوگئے

واشنگٹن: ایران کی جانب سے جان سے مارنے کی مبینہ دھمکیوں کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اپنی رہائش تبدیل کرتے ہوئے ایک فوجی اڈے پر قیام اختیار کرلیا ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ ایران کی جانب سے موجودہ اور سابق امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی کوششیں زیادہ منظم اور خطرناک شکل اختیار کرچکی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران موصول ہونے والی انٹیلی جنس معلومات کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ایرانی دھمکیوں کی نوعیت پہلے کے مقابلے میں زیادہ سنگین ہوچکی ہے۔ ان معلومات میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو بھی ممکنہ طور پر نشانہ بنائے جانے سے متعلق خدشات سامنے آئے تھے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر حکام نے بیسنٹ کی رہائش تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انہوں نے اپنا گھر چھوڑ کر فوجی اڈے پر منتقل ہونا مناسب سمجھا۔ ذرائع نے حساس معلومات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط رکھی۔
امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے بھی وزیر خزانہ کی فوجی اڈے پر منتقلی کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکاٹ بیسنٹ کو موصول ہونے والی دھمکیاں انہیں خوف زدہ نہیں کرسکتیں اور وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں معمول کے مطابق انجام دیتے رہیں گے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ دھمکیوں کے باوجود وزیر خزانہ اپنے فرائض کی ادائیگی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپنے کام کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایران کی جانب سے اسکاٹ بیسنٹ کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کس نوعیت کی تھی اور اس حوالے سے کون سی مخصوص اطلاعات امریکی حکام کو موصول ہوئی تھیں۔ مزید برآں امریکی حکام کی جانب سے ظاہر کیے گئے خدشات اور انٹیلی جنس معلومات کی آزادانہ طور پر تصدیق بھی سامنے نہیں آسکی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت