خیبرپختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔
چترال میں گزشتہ رات سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، لواری ٹنل، کالاش ویلیز، مڈک، لشٹ، گبور، بگوشٹ اور بالائی چترال کے مختلف علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔
بارش سے بارانی علاقوں میں گندم کی بوائی کے لیے موسم سازگار ہوگیا ہے، جس پر کاشت کاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ دوسری جانب چترال میں سردی سے بچاؤ کے لیے سوختنی لکڑی کا حصول مشکل ہوگیا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں اس کی قیمت میں 300 سے 500 روپے فی من اضافہ ہوا ہے۔
گیس سلنڈرز کی قلت کے باعث فی کلو گیس 650 سے 700 روپے میں فروخت ہورہی ہے، جس سے شہریوں کو شدید سردی میں ایندھن کے حصول کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر صوابی کے علاقوں تور ڈھیر، جلبئی اور گردونواح میں بھی رات گئے ژالہ باری اور ہلکی بارش ہوئی۔ ژالہ باری کے باعث سبزیوں، آلو کی فصلوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت