ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے اربوں ڈالر کے قرضے حاصل کرکے اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ان کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام تقسیم کار کمپنیوں کے ٹرانسفارمرز پر اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے مالی وسائل کے انتظام سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت اس منصوبے کے لیے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضے حاصل کرنے کے سلسلے میں مذاکرات کرے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت