بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سندھ میں ڈینگی کے وار تیز، 2 ماہ کے دوران 2 ہزار 55 کیسز رپورٹ

قومی خبریں

کراچی: سندھ بھر میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آگئی، گزشتہ 2 ماہ کے دوران صوبے میں 2 ہزار 55 افراد میں مرض کی تصدیق ہوئی جبکہ رواں سال کراچی میں ڈینگی کے باعث ایک شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ متاثرہ علاقوں میں کراچی سرفہرست ہے، جہاں ضلع شرقی میں سب سے زیادہ مریض سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اکتوبر کے دوران ڈینگی کے 777 اور ستمبر میں 335 کیسز رپورٹ ہوئے۔ دوسری جانب کراچی میں ستمبر کے دوران 448 جبکہ اکتوبر میں 495 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ شہر کے مختلف اضلاع میں ضلع شرقی 709 کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 ہزار 369 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اس دوران وائرس کے باعث ایک ہلاکت بھی ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ڈینگی کے ہزاروں کیسز سامنے آئے ہیں۔ رواں سال حیدرآباد ڈویژن میں 992، میرپورخاص میں 1 ہزار 8، سکھر میں 50، لاڑکانہ ڈویژن میں 33 اور شہید بے نظیر آباد میں 17 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد صوبے کے دیگر اضلاع میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 ہزار 100 ہوگئی ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ڈینگی پھیلانے والا مچھر صاف پانی میں افزائش کرتا ہے، اس لیے گھروں، گلیوں اور محلوں میں پانی جمع ہونے سے روکنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر عمر سلطان کے مطابق ڈینگی مخصوص قسم کے مادہ مچھر کے کاٹنے سے منتقل ہوتا ہے، جو عموماً صبح سویرے اور سورج غروب ہونے کے وقت زیادہ سرگرم ہوتا ہے۔

ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی ابتدائی علامات میں اچانک تیز بخار، سر درد اور جسم میں شدید درد شامل ہیں، جبکہ بعض مریضوں کے جسم پر سرخ دھبے بھی نمودار ہوسکتے ہیں۔ مرض کی شدت بڑھنے پر ناک، کان اور منہ سے خون بہنے جیسی علامات بھی ظاہر ہوسکتی ہیں، جو خطرناک صورت حال کی نشاندہی کرتی ہیں۔

ان کے مطابق ڈینگی وائرس انسانی جسم میں خون جمانے کے عمل کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں پلیٹیلیٹس کی تعداد کم ہونے لگتی ہے۔ خون جمانے کی صلاحیت متاثر ہونے اور پلیٹیلیٹس میں غیر معمولی کمی کے باعث اندرونی یا بیرونی خون بہنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جبکہ بروقت طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں مریض کی جان بھی جاسکتی ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی سے محفوظ رہنے کے لیے مچھر بھگانے والی ادویات اور دیگر حفاظتی اشیا استعمال کریں، جسم کو ڈھانپنے والے کپڑے پہنیں اور گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔ اس کے علاوہ مناسب مقدار میں پانی پینا اور متوازن غذا کا استعمال بھی ضروری ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کو اچانک تیز بخار یا ڈینگی سے ملتی جلتی علامات ظاہر ہوں تو خود علاج کرنے کے بجائے فوری طور پر قریبی اسپتال یا مستند معالج سے رجوع کیا جائے، کیونکہ بروقت تشخیص اور طبی نگرانی اس جان لیوا مرض کی پیچیدگیوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت