بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کراچی میں پولیس مقابلے، ایک ملزم ہلاک، 6 زخمیوں سمیت 8 گرفتار

قومی خبریں

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلوں کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک اور 6 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 8 ملزمان پولیس کی تحویل میں آگئے۔

چھیپا حکام کے مطابق لیاقت آباد پولیس کا انگارہ گوٹھ میں ندی کے کنارے مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ اس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت زوار کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب ناظم آباد میں عباسی شہید اسپتال کے قریب ایس آئی یو پولیس کے مبینہ مقابلے میں برکت، شاکر اور ضمیر نامی 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ گلبہار پولیس نے حاجی مرید گوٹھ میں لیاری ندی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 42 سالہ آصف علی کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے بلاک آر میں کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد مزید 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں محمد مصطفیٰ اور شکیل احمد زخمی تھے، جبکہ تیسرے ملزم کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی۔

کراچی پولیس کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت