ایف بی آر کا ٹیکس دہندگان کے لیے بڑا ریلیف، سرچارج کے بغیر اے ٹی ایل میں شمولیت
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرتے ہوئے تاخیر سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے افراد کو سرچارج کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام سے ان افراد کو ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کرتے ہوئے یہ نیا طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے تحت مقررہ یا توسیع شدہ تاریخ کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے انفرادی ٹیکس دہندگان سرچارج ادا کیے بغیر اپنی شمولیت کو ایکٹیو لسٹ میں یقینی بنا سکیں گے۔
اس ریلیف سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ افراد کو آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے فارم اے ٹی ایل یو میں 6 ماہ کا تحریری اقرار نامہ جمع کرانا ہوگا۔ اس اقرار نامے کی رو سے ٹیکس دہندہ اگلے 6 ماہ تک کوئی نئی جائیداد خریدنے یا اس کے حقوق حاصل کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔
فارم کامیابی سے جمع ہونے پر سسٹم کی جانب سے الیکٹرانک رسید جاری کی جائے گی، جس کے بعد 6 ماہ کی مدت کا آغاز ہوگا۔ ایف بی آر کو اقرار نامے کی شرائط کی نگرانی کا مکمل اختیار حاصل ہے اور وہ مختلف سرکاری و مالیاتی اداروں سے معلومات حاصل کر سکتا ہے۔
اگر کسی بھی مرحلے پر یہ ثابت ہوا کہ متعلقہ فرد نے 6 ماہ کے اندر جائیداد کی خریداری یا ملکیتی حق حاصل کیا ہے تو اسے صفائی کا موقع دیا جائے گا۔ خلاف ورزی ثابت ہونے پر سرچارج سے استثنیٰ کا فائدہ فوری طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں ایکٹیو ٹیکس پیئر لسٹ میں شمولیت کا معاملہ پرانے سخت قواعد کے مطابق طے ہوگا۔ درخواست گزار کو فارم میں اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، ٹیکس سال، گوشوارہ جمع کرانے کی تاریخ اور ریفرنس نمبر جیسی اہم تفصیلات لازمی درج کرنا ہوں گی۔
یہ حکومتی فیصلہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس پالیسی سے ٹیکس دہندگان کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ قومی خزانے میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے متحرک رہیں گے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت