بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران پر نئے حملوں کے معاملے پر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فونک جھڑپ کا انکشاف

قومی خبریں

واشنگٹن: ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی شروع کرنے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کو انتہائی تلخ قرار دیا جارہا ہے۔ اسرائیل ایران پر دوبارہ حملے کرنے کے لیے امریکا کو آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ واشنگٹن اور خلیجی ممالک فوجی تصادم کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کرنے کے حامی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے اختتام پر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے معاملے پر شدید اختلاف سامنے آیا۔ ایک ذریعے نے دونوں رہنماؤں کی بات چیت کی نوعیت بیان کرتے ہوئے اسے جہنم جیسی چیخ و پکار سے بھرپور گفتگو قرار دیا۔

تاہم اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے امریکی صدر اور نیتن یاہو کے درمیان تلخ کلامی اور اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔

ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے کی تصدیق تو کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ گفتگو میں نہ جارحانہ رویہ اختیار کیا گیا اور نہ ہی تلخی کا کوئی عنصر موجود تھا۔

اس سے قبل برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ نیتن یاہو امریکی صدر سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ کررہے ہیں اور ان پر ایران کے خلاف فوجی حملے دوبارہ شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق عرب اور مسلم ممالک کے سربراہان اسرائیلی وزیراعظم کی ان کوششوں پر تحفظات رکھتے ہیں۔ وہ امریکی صدر پر زور دے رہے ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھانے کے بجائے سفارتی ذرائع سے تنازع کا حل تلاش کیا جائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیر کے روز اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت سمیت امریکا کے خلیجی اتحادی ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے حق میں نہیں ہیں۔ ان کے مطابق تنازع کے حل کے لیے ہونے والی پیش رفت حوصلہ افزا ہے اور موجودہ حالات میں امریکا کی جانب سے بڑے پیمانے پر دوبارہ فوجی آپریشن شروع کرنے کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت