بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

روجھان میں نایاب نسل کے تقریباً 9 گدھ دیکھے گئے، جنگلی حیات کے محکمے کی نگرانی شروع

قومی خبریں

جنوبی پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان کے قبائلی علاقے میں ہمالین گریفن اور سنیرئس نسل کے تقریباً 9 نایاب گدھ دیکھے گئے ہیں۔

وائلڈ لائف رینجرز کے مطابق یہ پرندے اپنے قدرتی مسکن میں موجود ہیں، جن کی نقل و حرکت اور قیام کی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی گدھوں کی موجودگی رپورٹ ہوئی ہے۔ تاہم روجھان میں ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں ان کی موجودگی کو مستقل واپسی یا افزائش نسل کا ثبوت قرار دینے کے لیے مزید مشاہدات اور سائنسی شواہد درکار ہیں۔

پنجاب میں گدھوں کی آبادی میں کمی کی بڑی وجوہات میں مویشیوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی دوا ڈائیکلوفینک شامل ہے۔ اس دوا کے اثرات رکھنے والے مردہ جانوروں کی باقیات کھانے سے گدھوں کے گردے ناکارہ ہوجاتے تھے۔ پاکستان میں اس دوا کے ویٹرنری استعمال پر 2006 میں پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم زہریلی ادویات، آلودہ خوراک اور قدرتی مساکن کو لاحق خطرات بدستور موجود ہیں۔

گدھوں کے تحفظ کے لیے چھانگا مانگا کے جنگل میں ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان اور اس کے شراکت داروں کا قائم کردہ خصوصی افزائشی مرکز بھی کام کر رہا ہے، جہاں سفید پشت والے گدھوں کی محفوظ افزائش کی جاتی ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے مطابق 2024 میں مرکز میں تین نئے بچے پیدا ہوئے تھے۔

ماہرین کے مطابق گدھ مردہ جانوروں کی باقیات تلف کرکے ماحول کو صاف رکھنے اور بعض بیماریوں کے پھیلاؤ کو محدود کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کے لیے محفوظ خوراک، زہریلی ادویات کی روک تھام اور قدرتی مساکن کی حفاظت ضروری ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت