بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

غزہ: اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائیاں اور فائرنگ سے 7 فلسطینی شہید

قومی خبریں
غزہ: اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائیاں اور فائرنگ سے 7 فلسطینی شہید

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فضائی حملوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایک باپ اور اس کے 13 سالہ بیٹے سمیت کم از کم 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق غزہ شہر کے علاقے زیتون میں منگل کے روز بے گھر فلسطینیوں کے لیے قائم عارضی پناہ گاہ کی چھت کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں فادی رجب اور ان کا 13 سالہ بیٹا ابوبکر شہید ہوگئے۔ مقامی طبی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کے وقت متاثرہ مقام پر بے گھر افراد موجود تھے۔

غزہ شہر کے علاقے درج میں ایک اسکول کے قریب ہونے والی فضائی کارروائی میں بھی ایک فلسطینی شہید ہوگیا جبکہ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک شخص شہید ہوا۔ اسی روز غزہ شہر کے علاقے صبرا میں ایک دھاتی کارخانے کو بھی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جہاں مزید 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان واقعات کے بعد منگل کو غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد کم از کم 7 ہوگئی۔

ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران ایک کم عمر فلسطینی شہید ہوگیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق نابلس کے شمال مغرب میں واقع علاقے برقہ میں پیر کی شب اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ معتز ایاد دغلس جان کی بازی ہار گیا۔

فلسطینی ہلال احمر نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 2 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسرائیلی فوج نے ایک تیسرے زخمی تک طبی عملے کو رسائی دینے سے روک دیا۔ اس دوران امدادی کارروائیوں میں مصروف ہلال احمر کے 3 رضاکاروں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ اہلکاروں نے ان فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی تھی جو اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے برائے اطفال (یونیسیف) نے غزہ میں بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورت حال سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی ذخیرہ کرنے کے ایک بڑے مرکز کی مرمت کے لیے ضروری سامان کی درآمد کی اجازت نہ ملنے سے شہری آبادی کو سیلاب کے خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

یونیسیف کے مطابق غزہ شہر میں واقع شیخ رضوان کا بارش کا پانی جمع کرنے والا ذخیرہ گندے پانی سے آلودہ ہوچکا ہے، جبکہ بارشوں کا سلسلہ تیز ہونے کی صورت میں اس کے لبریز ہونے کا خدشہ ہے۔ اس صورت حال میں ذخیرے کا آلودہ اور زہریلا پانی قریبی سڑکوں اور بے گھر افراد کے خیموں میں داخل ہوسکتا ہے، جس سے پہلے ہی مشکلات کا شکار خاندانوں کو ایک مرتبہ پھر اپنے عارضی ٹھکانے چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑسکتا ہے۔

ادارے کے ترجمان جیمز ایلڈر نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونیسیف گزشتہ تقریباً ایک سال سے اس منصوبے پر اسرائیلی حکام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ اس منصوبے پر تقریباً 30 لاکھ ڈالر خرچ ہونے تھے اور اس کا مقصد پانی کے ذخیرے کی مرمت کرکے ممکنہ سیلابی خطرات کو کم کرنا تھا، تاہم اسرائیلی فوج کے ادارے کوگیٹ نے گزشتہ چند روز کے دوران منصوبے کو مسترد کردیا۔

یونیسیف نے خبردار کیا کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو بارشوں کے دوران آلودہ پانی آبادیوں میں پھیل سکتا ہے، جس کے نتیجے میں خصوصاً بچوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ نکاسی آب کے تباہ حال نظام اور آلودہ پانی کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔

اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کرسچن لِنڈمائر نے کہا ہے کہ غزہ میں سیلابی صورت حال، صفائی کے ناقص انتظامات اور صحت و صاف پانی کی ناکافی سہولتوں کے باعث متعدی بیماریوں کا خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق غزہ میں تقریباً 10 لاکھ بے گھر افراد کو سیلاب کے درمیانے یا شدید درجے کے خطرات کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے دوران غزہ کی تعمیر نو کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق شرائط پر فریقین کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔ ان تنازعات کے باعث جنگ بندی کے باوجود غزہ کی تعمیر نو کے لیے تاحال کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی، جبکہ تباہ حال بنیادی ڈھانچے اور بے گھر آبادی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت