بلغاریہ میں بھی دھند کا غلبہ‘ تقریباً 100 گاڑیوں میں تصادم‘ 20 افراد ہلاک

صوفیا: بلغاریہ کی موٹروے بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے تقریباً 100 گاڑیوں میں تصادم ہوگیا، جہاں 2 درجن کے قریب افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
عالمی میڈیاکے مطابق یورپی ملک بلغاریہ کے شہر یامبول کے قریب ٹریشیا موٹروے پر تاحد نگاہ دھند کی وجہ سے 20 افراد ہلاک اور 70 زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق خطرناک حادثے میں متعددکاریں، بسیں، وینز اور بھاری ٹرک ایک دوسرے کے ساتھ ٹکرا گئیں جبکہ متعدد افراد بھی گاڑیوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ نیوز ایجنسیز کے مطابق حادثہ گزشتہ روز صبح بحیرہ اسود کے ساحلی شہر برگاس سے ملانے والی اے ون ٹریشیا موٹروے پر پیش آیا، جہاں تصادم میں تقریباً100 زائد گاڑیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ مذکورہ حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ موٹروے پر 2 بڑے سلسلہ وار حادثات پیش آئے۔ پہلا حادثہ برگاس جانے والی لین میں صبح تقریباً 7 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد مخالف سمت میں صوفیہ جانے والی لین میں بھی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
واضح رہے کہ مقامی میڈیا کے مطابق مجموعی طور پر100 گاڑیاں، وینز اور بھاری ٹرک ان حادثات کی زد میں آئے۔ ان میں سے 63 گاڑیاں برگاس جبکہ 23 صوفیہ جانے والی سمت میں متاثر ہوئیں۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ تصادم کے نتیجے میں کئی گاڑیاں الٹ گئیں، متعدد ٹرکوں اور کاروں کو شدید نقصان پہنچا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت