کراچی: پولیس نے ارشد پپو کے بھتیجے کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا

کراچی میں پولیس نے لیاری گینگ وار کے مقتول سرغنہ ارشد پپو کے بھتیجے اذان کو ایک ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، جن کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کلاکوٹ پولیس نے کارروائی کے دوران اذان اور اس کے ساتھی یحییٰ کو حراست میں لیا، گرفتار ملزمان متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری سے اہم جرائم کی تفتیش میں پیش رفت متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ اذان 22 مارچ 2022 کو پولیس انسپکٹر چاند خان نیازی اور عبدالرحمان کے سرعام قتل میں ملوث تھا۔ اس واردات میں ارشد پپو کا بیٹا عالم بھی شریک تھا، جو موٹرسائیکل چلا رہا تھا جبکہ اذان اس کے پیچھے بیٹھا ہوا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی، جس میں واردات سے متعلق شواہد سامنے آئے تھے۔
حکام کے مطابق واقعے کے چند گھنٹوں بعد سندھ رینجرز نے ارشد پپو کے بیٹے عالم کو گرفتار کرلیا تھا، تاہم اذان کارروائی کے دوران فرار ہوکر پڑوسی ملک ایران چلا گیا تھا۔ طویل عرصے تک قانون کی گرفت سے باہر رہنے کے بعد اب اسے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان انسپکٹر چاند خان نیازی کے قتل کے مقدمے میں مفرور اور اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے بھائی زبیر سٹے کے قتل کے مقدمے میں بھی ملوث ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف گلشن اقبال، بلال کالونی، خواجہ اجمیر نگری اور پریڈی تھانوں میں قتل، دہشت گردی اور ڈکیتی سمیت مختلف سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ دونوں ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحے اور دیگر شواہد کی بنیاد پر مزید تفتیش کی جارہی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں، جرائم میں ممکنہ سہولت کاروں اور لیاری گینگ وار کے باقی ماندہ نیٹ ورک سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت