لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج بھی پہلے نمبر پر، اے کیو آئی 453 ریکارڈ

لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں سرفہرست آگیا، جہاں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے۔
آئی کیو ایئر کے مطابق شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 453 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 224 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے سی ای آر پی آفس میں اے کیو آئی 706، علامہ اقبال ٹاؤن میں 690 اور برکی روڈ پیراگون میں 639 ریکارڈ ہوا۔ رائیونڈ میں یہ شرح 509 جبکہ کاہنہ نو میں 511 تک پہنچ گئی۔
پنجاب ایئر کوالٹی مانیٹرنگ کے اعداد و شمار کے مطابق ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500 کی انتہائی حد پر رہا، جہاں پی ایم 2.5 کی مقدار 541.1 اور پی ایم 10 کی مقدار 1398.3 مائیکروگرام ریکارڈ کی گئی۔ سفاری پارک اور جی ٹی روڈ پر بھی اے کیو آئی 500 رہا۔
شہر کے دیگر علاقوں میں کاہنہ نو میں 490، گلبرگ تھری میں 475، ایجرٹن روڈ پر 432، شاہدرہ اور ڈی ایچ اے فیز 6 میں 392 جبکہ برکی روڈ پر 390 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی، جہاں ملتان میں اے کیو آئی 828 اور گوجرانوالہ میں 565 ریکارڈ کیا گیا۔ انسدادِ اسموگ اقدامات کے باوجود آلودگی کی بلند سطح شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت