نیتن یاہو سے مشابہت ایرانی دکاندار کے لیے پریشانی بن گئی، گاہکوں نے دکان کا رخ کرنا چھوڑ دیا

تہران : ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے اثرات اب عام شہریوں کی روزمرہ زندگی اور کاروبار پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں۔ تہران میں خشک میوہ جات اور مٹھائیاں فروخت کرنے والے ایک دکاندار کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے غیر معمولی مشابہت کے باعث گاہکوں کی عدم دلچسپی اور بائیکاٹ کا سامنا ہے۔
دکاندار کا کہنا ہے کہ اس کی شکل اسرائیلی وزیراعظم سے ملنے کے بعد لوگ اس کی دکان پر آنا چھوڑ گئے ہیں، جس کے باعث اس کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔ اب کوئی گاہک اس کی دکان پر نہیں آ رہا اور وہ اس صورت حال سے تنگ آچکا ہے، محض چہرے کی مشابہت اس کے لیے کاروباری مشکلات کا سبب بن گئی ہے، حالانکہ اس کا اسرائیلی وزیراعظم سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ صرف ظاہری مماثلت ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق تہران میں واقع خشک میوہ جات کی اس دکان کے مالک کی شکل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے حیرت انگیز حد تک مشابہت رکھتی ہے۔ حال ہی میں دکان کے اندر بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد دکاندار کی یہ مشابہت لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد اس کے کاروبار پر بھی اثر پڑا اور متعدد افراد نے دکان سے خریداری کرنا چھوڑ دی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے بھی اس معاملے میں خاصی دلچسپی ظاہر کی۔ بعض افراد نے دکاندار کی نیتن یاہو سے مشابہت پر دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے کیے جبکہ کچھ صارفین نے اس کی دکان کا پتا معلوم کرنے کی کوشش بھی کی۔ ویڈیو دیکھنے والوں نے اس غیر معمولی مماثلت کو ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں دیکھا۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں کے شہریوں میں ایک دوسرے کے خلاف پائے جانے والے جذبات بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔ ایسے ماحول میں تہران کے اس دکاندار کی ظاہری مشابہت اس کے لیے غیر متوقع مسئلہ بن گئی ہے۔
یہ واقعہ اس بات کی ایک دلچسپ مثال ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کوئی ویڈیو کس طرح کسی عام شخص کو اچانک شہرت دلا سکتی ہے، تاہم اس معاملے میں یہ شہرت دکاندار کے لیے کاروباری پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت