بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

شاہ محمودطبی معائنے کےلیےجیل سے پی آئی سی منتقل

قومی خبریں
شاہ محمودطبی معائنے کےلیےجیل سے پی آئی سی منتقل

لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مختلف طبی ٹیسٹوں کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چند روز قبل جیل میں قیام کے دوران شاہ محمود قریشی کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تھی، جہاں وہ اپنی بیرک میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک چکر آنے کے باعث زمین پر گر پڑے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرک میں گرنے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں، خصوصاً ان کے گھٹنے اور بازو پر شدید چوٹیں لگیں۔

واقعے کے فوراً بعد جیل حکام نے ابتدائی طبی امداد کے ساتھ شاہ محمود قریشی کے بلڈ سیمپلز (خون کے نمونے) حاصل کر کے تجزیے کے لیے شوکت خانم اسپتال بھجوائے تھے، تاہم اب انہیں مزید تفصیلی طبی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے لیے پی آئی سی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹرز ان کا طبی معائنہ کر رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت