بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سونیا گاندھی کا قتل کے خوف سے 2004 میں وزارتِ عظمیٰ ٹھکرانے کا انکشاف

قومی خبریں
سونیا گاندھی کا قتل کے خوف سے 2004 میں وزارتِ عظمیٰ ٹھکرانے کا انکشاف

نئی دہلی: سونیا گاندھی نے اپنی خود نوشت سوانح عمری میں انکشاف کیا ہے کہ 2004 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد انہوں نے ذاتی تحفظ کے خدشات اور اپنے بچوں کی شدید جذباتی اپیل پر وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی سیاست میں ایک انتہائی اہم موڑ تھا جب کانگریس کی انتخابی کامیابی کے بعد سب کو یہ توقع تھی کہ سونیا گاندھی ہی ملک کی اگلی وزیراعظم ہوں گی۔ انہوں نے خود بھی اس عہدے کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کر دی تھی مگر اچانک حالات بدل گئے۔

انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ اس وقت ان کے دونوں بچوں راہول اور پریانکا گاندھی نے ان پر سخت دباؤ ڈالا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان کے 2 دو اہم افراد یعنی دادی اندرا گاندھی اور والد راجیو گاندھی پہلے ہی سیاسی تشدد کا شکار ہو چکے ہیں۔

دونوں بہن بھائیوں کا ماننا تھا کہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنا ان کی والدہ کی زندگی کے لیے بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ اپنی دادی اور والد کے قتل کا صدمہ پہلے ہی دیکھ چکے ہیں اور اب ماں کو کھونا ان کے لیے ناقابلِ برداشت ہوگا۔

اپنے بچوں کے اس شدید جذباتی ردعمل اور تحفظات کو دیکھتے ہوئے سونیا گاندھی نے اپنی سیاسی خواہشات کو ایک طرف رکھ دیا۔ انہوں نے خاندان کو ترجیح دیتے ہوئے وزارتِ عظمیٰ کے لیے اپنے نام کو واپس لینے کا مشکل فیصلہ کیا جس کے بعد منموہن سنگھ کو ملک کا وزیراعظم بنایا گیا۔

بھارت کی سیاسی تاریخ میں یہ واقعہ ہمیشہ ایک معمہ بنا رہا کہ ایک فاتح رہنما نے اچانک اقتدار سے دوری کیوں اختیار کر لی۔ اب ان کے اس حالیہ انکشاف نے ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے کہ اس تبدیلی کے پیچھے اصل محرک صرف ان کے بچوں کا خوف تھا۔

مبصرین کے مطابق سونیا گاندھی نے اپنے الفاظ میں یہ واضح کر دیا کہ اقتدار سے زیادہ ان کے لیے اپنے بچوں کی حفاظت اور ان کے جذبات اہم تھے۔ یہ فیصلہ ان کی زندگی کا ایک مشکل ترین مرحلہ تھا جس نے بھارت کی اگلی 10 سالہ سیاسی تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت