تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ: کنسلٹنٹس کے انتخاب اور ڈیزائن میں سنگین خامیوں کا انکشاف

اسلام آباد: تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے ڈیزائن میں نقائص اور کنسلٹنٹس کے انتخاب میں سنگین کوتاہیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سرکاری دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی نگران اعلیٰ کمیٹیوں نے اس 316 ارب روپے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا حکم دیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اجلاس کے دوران منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر اور ڈیزائن کی کمزوریوں کو نمایاں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کی جانب سے کنسلٹنٹس کے انتخاب اور لاگت میں بلاجواز اضافے کے معاملات انتہائی تشویشناک ہیں جنہیں فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔
ایکنک اور سی ڈی ڈبلیو پی نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تھی۔ اس کمیٹی کا بنیادی مقصد منصوبے میں شفافیت لانا، بدانتظامی کی وجوہات کا تعین کرنا اور منصوبے کو مقررہ مدت یعنی جون 2028 تک مکمل کروانا ہے۔
منصوبہ بندی کمیشن نے آبی وسائل کی وزارت کو کمیٹی کے قیام کے لیے خطوط بھی ارسال کیے ہیں، تاہم تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ واپڈا اور متعلقہ وزارت نے اس حوالے سے سامنے آنے والے سوالات پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
حال ہی میں تربیلا ڈیم کے اس منصوبے پر کام کے دوران حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے تعمیراتی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل ہو گئی تھیں۔ سرنگ نمبر 5 میں پانی داخل ہونے کے واقعے نے منصوبے کے معیار اور حفاظتی اقدامات پر بھی بڑے سوالات اٹھا دیے ہیں۔
حکام نے مزید کہا کہ اس منصوبے میں 180 ارب روپے سے زائد کا غیر ملکی قرضہ شامل ہے، جس کے باعث لاگت میں مزید اضافہ قومی خزانے کے لیے بوجھ بنے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ منصوبے کی نگرانی کے لیے قائم کردہ کمیٹی کو جلد فعال کر کے اصلاحات کا عمل شروع کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت