ایران میں دنیا کی سب سے بڑی گیس فیلڈ میں خوفناک آتشزدگی، تحقیقات شروع

تہران: ایران کی جنوبی پارس گیس فیلڈ کے ایک اہم پلیٹ فارم پر اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے توانائی کے شعبے میں ہلچل مچ گئی۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔
نائب وزیر پیٹرولیم نے تصدیق کی کہ منگل کے روز پیش آنے والے اس حادثے کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیکیج یا آپریشنل خرابی کو آتشزدگی کی ممکنہ وجوہات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
متاثرہ پلیٹ فارم سے یومیہ ایک کروڑ 45 لاکھ مکعب میٹر گیس نکالی جاتی ہے، جس کے بند ہونے سے پیداوار پر منفی اثر پڑا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی پارس فیلڈ کی مجموعی یومیہ پیداوار تقریباً 70 کروڑ مکعب میٹر ہے جو ملکی ضروریات کے لیے نہایت اہم ہے۔
یہ گیس فیلڈ دنیا کا سب سے بڑا آف شور ذخیرہ مانا جاتا ہے جسے ایران اور قطر مشترکہ طور پر استعمال کرتے ہیں۔ قطر میں اس عظیم الشان ذخیرے کو نارتھ ڈوم کے نام سے جانا جاتا ہے، جو عالمی توانائی کی مارکیٹ میں انتہائی تزویراتی حیثیت رکھتا ہے۔
گیس ایکسپورٹنگ کنٹریز فورم کے اعداد و شمار کے مطابق ایران نے رواں برس 276 ارب مکعب میٹر گیس پیدا کی، جس کا بڑا حصہ مقامی ضروریات پوری کرنے میں خرچ ہوا۔ اس مشترکہ ذخیرے میں 1800 ٹریلین مکعب فٹ گیس موجود ہے جو دنیا کی 13 سالہ ضروریات پوری کر سکتی ہے۔
حکام نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ بروقت کارروائی سے کسی بڑے جانی نقصان یا گیس فیلڈ کے دیگر حصوں کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچنے سے بچا لیا گیا ہے، تاہم واقعے کے بعد پورے علاقے میں سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس گیس فیلڈ کی اہمیت ایران کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لیے ایران اب اپنے تمام آف شور پلیٹ فارمز پر حفاظتی آڈٹ کو مزید موثر بنانے پر غور کر رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت