بدھ، 11 نومبر، 2026 · 2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی ایوان نمائندگان میں وزیر جنگ کیخلاف مواخذے کی قرارداد مسترد

قومی خبریں
امریکی ایوان نمائندگان میں وزیر جنگ کیخلاف مواخذے کی قرارداد مسترد

امریکی ایوان نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد 204 کے مقابلے میں 211 ووٹوں سے مسترد کردی۔

پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی جماعت ری پبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی نے پیش کی تھی۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ وزیر جنگ نے کانگریس کو نظرانداز کیا اور جنگ کے لیے حاصل اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا۔

قرارداد میں ہیگسیتھ پر ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر امریکی حملے کے نتیجے میں بچوں اور دیگر بے گناہ شہریوں کی ہلاکتوں کی ذمہ داری بھی عائد کی گئی تھی۔ ان پر امریکی آئین کی خلاف ورزی اور اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

مواخذے کی قرارداد مسترد ہونے کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ تھامس میسی کے سوا تمام ری پبلکن ارکان نے وزیر جنگ کی حمایت میں ووٹ دیا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وینزویلا اور ایران میں کامیابیاں حاصل ہوئیں اور ریکارڈ تعداد میں فوجیوں کو بھرتی کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان نے پیٹ ہیگسیتھ کو بری کردیا ہے جبکہ ڈیموکریٹس امریکا کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں اور انہیں روکا جانا چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت