لاہور ہائیکورٹ کا نجی میڈیکل کالجز کی من مانی فیسیں غیر قانونی قرار دینے کا فیصلہ

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل کالجز کی جانب سے طلبہ سے وصول کی جانے والی من مانی اور بھاری فیسوں کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے۔
جسٹس خالد اسحاق نے 28 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے نجی کالجز کی تمام درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔
عدالت نے نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل یعنی پی ایم ڈی سی کے اختیار کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق نجی تعلیمی ادارے اب فیسوں کے تعین میں خود مختار نہیں رہ سکتے۔
عدالت نے واضح کیا کہ نجی کالجز کو فیسوں کی وصولی اور تعین کے دوران پی ایم ڈی سی کے تمام قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کرنا ہوگی۔ نجی کالجز کی کاروباری آزادی کسی بھی صورت میں پی ایم ڈی سی کے قانونی اور ریگولیٹری اختیارات سے ہرگز بالاتر نہیں ہو سکتی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ نجی میڈیکل کالجز طلبہ سے مقرر کردہ حد سے ایک روپیہ بھی زائد فیس وصول کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔ اگر کسی کالج نے مقررہ حد سے زیادہ رقم وصول کی ہے تو اسے ہر صورت طلبہ کو واپس کرنی ہوگی یا پھر فیس میں ایڈجسٹ کرنا ہوگا۔
جسٹس خالد اسحاق نے حکم دیا کہ نجی کالجز فیسوں میں اضافے کا معقول جواز پیش کرنے کے پابند ہیں اور انہیں اپنے آڈٹ شدہ مالی گوشوارے بھی پی ایم ڈی سی کے پاس جمع کروانا ہوں گے۔ پی ایم ڈی سی کے فیسوں سے متعلق جاری کردہ تینوں نوٹیفکیشنز بدستور برقرار رہیں گے۔
عدالت نے مزید کہا کہ طلبہ کی جانب سے زائد فیسوں کی واپسی سے متعلق درخواستیں 30 ورکنگ دنوں کے اندر نمٹائی جائیں گی۔ اگر کسی طالب علم نے زائد فیسوں کی شکایت کی تو اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور فیصلے کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی کارروائی ہو سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت