بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلاتِ زر کا سلسلہ جاری

کراچی: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ملکی معیشت کو سہارا دیتے ہوئے ایک ہی ماہ میں اربوں ڈالر کا بھاری زرمبادلہ پاکستان بھجوایا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تازہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں ملکی خزانے میں 3.9 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
پاکستان کو موصول ہونے والی ان ترسیلاتِ زر میں سال بہ سال کے حساب سے 13.8 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 8.5 فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ اعداد و شمار ملکی معاشی استحکام کے لیے انتہائی حوصلہ افزا اور مثبت سمجھے جا رہے ہیں۔
مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ یعنی جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی ترسیلاتِ زر کا حجم 14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ برس اسی مدت کے دوران پاکستان کو 13 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے، جس کا مطلب ہے کہ ترسیلات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ترسیلاتِ زر بھیجنے والے ممالک میں سعودی عرب بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہے جہاں سے 981.6 ملین ڈالر پاکستان منتقل ہوئے۔ متحدہ عرب امارات سے 815.9 ملین ڈالر کی خطیر رقم موصول ہوئی جو کہ سمندر پار پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے۔
دیگر ممالک میں برطانیہ سے 592.2 ملین ڈالر جبکہ امریکا سے 328.9 ملین ڈالر کی رقوم موصول ہوئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بیرون ملک پاکستانیوں کا یہ اعتماد ملکی معیشت کی بحالی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے ایک انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق مسلسل بڑھتی ہوئی ترسیلاتِ زر سے ملکی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھنے میں مدد ملتی ہے اور روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے لیے بھی یہ زرمبادلہ ناگزیر ہے۔
بیرون ملک مقیم محنتی پاکستانیوں کا یہ تعاون ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے جس سے ملکی معیشت کو طویل مدتی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں بڑی مدد مل رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت