واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی کوششوں میں تیزی، فوجی کارروائی دوبارہ شروع ہونے کا امکان کم

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال مشرق وسطیٰ میں دوبارہ بڑے پیمانے پر امریکی فوجی کارروائی کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ٹرمپ کا یہ بیان قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد سامنے آیا، جس میں ایران سے متعلق معاملات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ملاقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ قطری وزیراعظم کے ساتھ ایران سمیت متعدد اہم امور زیر بحث آئے۔ امریکی صدر کے مطابق جنگ کے خاتمے کی جانب پیش رفت ہورہی ہے اور واشنگٹن اپنے قومی مفادات کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر علاقائی ممالک موجودہ صورت حال برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان ممالک کی خواہش ہے کہ ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی اور نئے فوجی آپریشن ’’آئرن گیٹ‘‘ کا سلسلہ جاری رہے، جس میں زمینی اور سمندری دونوں محاذ شامل ہیں، تاہم ان ممالک کے اس مؤقف کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
امریکی صدر نے ایران کے جوہری پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں صورت حال تبدیل ہونے کی صورت میں امریکی فوج کارروائی کے لیے مکمل تیار ہے، تاہم فی الحال دوبارہ حملوں کا امکان بہت کم ہے۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ ایران کے خطرات سے محفوظ ہیں۔
دوسری جانب قطر کے وزیراعظم نے بھی امریکی صدر اور نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقاتوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے ایران سے مذاکرات آگے بڑھانے اور خطے میں امن کے لیے کوششوں کا ذکر کیا۔
واضح رہے کہ قطر ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں اور ممکنہ معاہدے کے لیے اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے، تاہم سفارتی سرگرمیوں میں تیزی کے باوجود کسی حتمی معاہدے یا جنگ کے خاتمے کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا، جبکہ امریکی اور خلیجی حکام نے بھی فوری معاہدے کے امکانات پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت