اسکاٹ لینڈ کا افغانستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ
ایڈنبرگ: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد اسکاٹ لینڈ نے بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کرلیا۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کے ساتھ کرکٹ سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ وہ عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مقابلوں میں افغان ٹیم کے خلاف کھیلنا جاری رکھے گا۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ آئی سی سی مقابلوں میں افغانستان کے خلاف شرکت کو وہاں کی موجودہ حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت تصور نہ کیا جائے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق افغانستان میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں بہتری آنے تک افغان ٹیم کے ساتھ دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی جائیں گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کسی ایسی سہ فریقی سیریز میں بھی شرکت نہیں کرے گا جس میں افغانستان کی ٹیم شامل ہو۔ اس کے علاوہ افغان ٹیم کے ساتھ تربیتی کیمپوں، مشقی مقابلوں اور وارم اپ میچز میں بھی حصہ نہیں لیا جائے گا۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے واضح کیا کہ افغانستان پریمیئر لیگ میں اسکاٹش کھلاڑیوں کی شرکت کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی حمایت نہ سمجھا جائے۔
اعلامیے کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے جولائی میں آئرلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل تربیتی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم یہ درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ افغانستان سے متعلق فیصلے افغان کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطوں کے بعد کیے گئے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے مطابق ستمبر میں افغان کرکٹ بورڈ نے ایک بار پھر افغانستان پریمیئر لیگ کے حوالے سے درخواست کی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت