مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، سعودی عرب اور ترکیے سے شراکت داری کی علامت ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور معاشی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے، جبکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق بین الاقوامی سکیورٹی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور پاکستان اس حوالے سے مؤثر اقدامات کا حامی ہے۔ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون بھی علاقائی امن و استحکام کے عزم کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیے، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا سمیت دیگر ممالک سے تعلقات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔
نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع دینے پر بھی زور دیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت