منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اٹلی کے قدیم شہر پومپئی سے 2 ہزار سال قدیم پرفیوم کی بوتل دریافت

قومی خبریں
اٹلی کے قدیم شہر پومپئی سے 2 ہزار سال قدیم پرفیوم کی بوتل دریافت

پومپئی: اٹلی کے تاریخی شہر پومپئی میں ماہرین آثار قدیمہ نے 2 ہزار برس قدیم ایک الماری دریافت کی ہے جس میں سے پرفیوم کی ایک نایاب شیشی سمیت متعدد نوادرات برآمد ہوئے ہیں۔

ماہرین اس دریافت کو قدیم رومی تہذیب کو سمجھنے کے لیے اہم پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔

یہ منفرد نوادرات شہر کے ریجیو 9 نامی علاقے میں واقع ایک قدیم مکان کے عقبی حصے سے ملے ہیں۔ ماہرین نے بتایا کہ اس الماری میں پرفیوم کی شیشی کے علاوہ بچوں کے قیمتی ہار، کانسی کے 38 سکے، سیسے کے باٹ اور دیگر آرائشی اشیا بھی محفوظ حالت میں پائی گئی ہیں۔

محققین کے مطابق یہ مکان ممکنہ طور پر کارنیلیئس میکسیمس نامی شخص کا تھا، تاہم الماری پر موجود تحریریں وقت کے ساتھ مدھم ہو چکی ہیں۔ تاریخی حوالے سے پومپئی کا یہ شہر 79 عیسوی میں ویسوویئس آتش فشاں کے خوفناک لاوے اور راکھ کی تہوں تلے دب کر تاریخ کا حصہ بن گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جس وقت آتش فشاں پھٹا، یہ مکان تزئین و آرائش کے مراحل سے گزر رہا تھا۔ اس بات کا اندازہ مکان کی چھت پر موجود سادہ پلستر اور ایک نئی کھڑکی کے آثار سے لگایا گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں مرمت کا کام جاری تھا۔

اس تحقیق سے قدیم رومی باشندوں کے طرز زندگی، ان کے روزمرہ معمولات اور استعمال کی اشیا کے بارے میں گہری بصیرت حاصل ہوگی۔ کھنڈرات میں موجود باقیات کی مدد سے محققین نے مذکورہ الماری کو اس کی اصل شکل میں دوبارہ تیار کر لیا ہے، جو قدیم کاریگری کا ایک بہترین نمونہ ہے۔

صدیوں سے جاری کھدائیوں کے دوران اب تک پومپئی کے تقریباً دو تہائی حصے کو دریافت کیا جا چکا ہے۔

ماہرین نے مزید کہا کہ ہر نئی دریافت ماضی کے دریچے وا کرتی ہے، جس سے ہمیں انسانی تاریخ کے گمشدہ ابواب کو ترتیب دینے میں مدد ملتی ہے اور تہذیبی ارتقاء کے نئے پہلو سامنے آتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت