مرگی کے لاعلاج مریضوں کے لیے جدید جین تھراپی ایک نئی امید بن گئی

لندن: سائنس دانوں نے مرگی کے ایسے مریضوں کے علاج میں ایک اہم پیش رفت حاصل کی ہے جن پر روایتی ادویات اثر نہیں کرتیں۔
دماغ میں براہِ راست داخل کی جانے والی تجرباتی جین تھراپی کے ذریعے مرگی کے دوروں کی تعداد میں 90 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی ہے۔
دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں 3 بالغ مریضوں پر اس جدید طریقہ علاج کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ اس طریقے میں ایک تبدیل شدہ وائرس کو بطور ذریعہ استعمال کرکے دماغ کے مخصوص حصوں تک جینیاتی مواد پہنچایا جاتا ہے۔
یہ عمل دماغ کے ان حصوں تک پہنچتا ہے جہاں سے مرگی کے دورے شروع ہوتے ہیں۔ اس عمل کے نتیجے میں متاثرہ اعصابی خلیوں کی غیر معمولی برقی سرگرمی کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے، جس سے مریضوں کو دوروں کی شدت اور تعدد سے بڑی حد تک نجات ملتی ہے۔
برطانیہ میں تقریباً 6 لاکھ افراد مرگی کے مرض میں مبتلا ہیں، جن میں سے ہر 3 میں سے ایک مریض ایسی حالت کا شکار ہے جس پر عام ادویات مؤثر ثابت نہیں ہوتیں۔ ادویات سے قابو نہ آنے والے دورے مریضوں کے لیے شدید جسمانی چوٹوں اور ذہنی صلاحیتوں میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔
طبی ماہرین اس تحقیق کو اعصابی بیماریوں کے علاج میں ایک امید افزا پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ کار مستقبل میں ان مریضوں کے لیے علاج کا ایک نیا اور مؤثر راستہ ثابت ہو سکتا ہے جو روایتی ادویات سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔
اگرچہ ابتدائی نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اس طریقہ علاج کی افادیت اور طویل مدتی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مزید بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائلز ضروری ہیں۔
اس تحقیق سے مرگی کے مستقل علاج کے حوالے سے سائنس کی دنیا میں نئی امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت