منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کردیا

قومی خبریں
ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کا نیا سفیر نامزد کردیا

اسلام آباد: امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو امریکا کا نیا سفیر نامزد کردیا ہے، جس کے بعد ان کی تقرری کی حتمی منظوری کے لیے نام سینیٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان سمیت متعدد ممالک میں امریکی سفیروں کی نئی نامزدگیاں کی ہیں۔ پاکستان کے لیے نیٹلی بیکر کا انتخاب کیا گیا ہے، جو اس وقت اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی سربراہی بطور ناظم الامور کررہی ہیں۔

نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ اس سے قبل وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قائم امریکی سفارت خانے میں نائب سربراہِ مشن کے عہدے پر فائز رہ چکی ہیں، جہاں انہوں نے اہم سفارتی امور انجام دیے۔

تعلیمی اعتبار سے نیٹلی بیکر نے پرنسٹن یونیورسٹی سے گریجویشن کیا، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے عوامی پالیسی میں اعلیٰ ڈگری حاصل کی۔ وہ امریکا کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی نمایاں فارغ التحصیل بھی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر نے پاکستان کے علاوہ متحدہ عرب امارات، سینیگال اور مالی کے لیے بھی نئے سفیروں کی نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے۔ جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال جبکہ ایان میک کیری کو مالی میں امریکا کا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

ان تمام نامزدگیوں کو حتمی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت