منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ٹی سی پی کا 1 لاکھ 8 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کے لیے نیا ٹینڈر، کم از کم قیمت مقرر نہیں کی گئی

قومی خبریں
ٹی سی پی کا 1 لاکھ 8 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کے لیے نیا ٹینڈر، کم از کم قیمت مقرر نہیں کی گئی

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے 2025 میں درآمد کی گئی ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن سفید ریفائنڈ چینی برآمد کرنے کے لیے دوبارہ عالمی بولیاں طلب کرلی ہیں۔ اس بار کم از کم قیمت کی شرط ختم کردی گئی ہے اور تمام ذخیرہ کراچی کے پپری گودام میں موجود ہے۔

وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے اس دوسرے ٹینڈر سے قبل ستمبر میں پہلا ٹینڈر 660 ڈالر فی میٹرک ٹن کی کم از کم قیمت مقرر ہونے کے باعث کوئی بولی موصول نہ ہونے پر منسوخ کردیا گیا تھا۔ اب حکومت چاہتی ہے کہ نئی چینی مارکیٹ میں آنے سے پہلے اضافی ذخیرہ برآمد کردیا جائے۔

ٹینڈر کے مطابق ذخیرے میں 96 ہزار ٹن باریک دانے والی اور 11 ہزار 86 ٹن درمیانے دانے والی چینی شامل ہے۔ خریدار دونوں اقسام یا کسی ایک کے لیے بولی دے سکتے ہیں۔ باریک دانے والی چینی کے لیے کم از کم 10 ہزار ٹن جبکہ درمیانے دانے والی کے لیے مکمل 11 ہزار 86 ٹن کی بولی دینا ہوگی۔

بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 نومبر 2026 صبح 11 بجے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اسی روز ساڑھے 11 بجے ٹی سی پی کے کراچی دفتر میں بولیاں کھولی جائیں گی۔ قبل از بولی اجلاس 11 نومبر کو ہوگا۔

خریداروں کو دونوں اقسام کے لیے الگ الگ امریکی ڈالر فی میٹرک ٹن کے حساب سے قیمت پیش کرنا ہوگی۔ چینی ایکس ورکس بنیاد پر فروخت کی جائے گی، جس کے تحت لوڈنگ، نقل و حمل اور متعلقہ ٹیکس و ڈیوٹیز کی ادائیگی خریداروں کے ذمے ہوگی۔

ادائیگی کے لیے مکمل رقم پیشگی غیر ملکی کرنسی میں جمع کرانے یا ناقابلِ تنسیخ لیٹر آف کریڈٹ کے ذریعے فوری ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے۔ کامیاب خریداروں کو معاہدے کی منظوری کے بعد 90 دن کے اندر چینی اٹھانا ہوگی، بصورت دیگر اسٹوریج اور ڈیمریج چارجز عائد کیے جاسکتے ہیں۔

ٹی سی پی کے مطابق ممکنہ خریدار پپری گودام میں چینی کے ذخیرے کا معائنہ کرسکتے ہیں، جس کا جائزہ بیورو ویریٹاس نے ستمبر 2026 میں لیا تھا۔ ادارہ بولیوں کی قیمت، مقدار اور شرائط کا جائزہ لینے کے بعد ذخیرہ ایک یا متعدد کامیاب خریداروں کو مختص کرسکے گا، تاہم واجبات ادا نہ کرنے والی یا بلیک لسٹنگ کا سامنا کرنے والی کمپنیوں کو بولی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت