منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ایران کی امریکا کے سامنے 7 شرائط، محسن رضائی کا واشنگٹن سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

قومی خبریں
ایران کی امریکا کے سامنے 7 شرائط، محسن رضائی کا واشنگٹن سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ

تہران: ایران نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے تہران کی جانب سے پیش کردہ 7 شرائط قبول کرے، بصورت دیگر خطے میں بدلتی ہوئی صورت حال کو تسلیم کرنے کے لیے تیار ہوجائے۔ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے واشنگٹن کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب امریکا کو ایران کے مطالبات کے سامنے سر تسلیم خم کرنا ہوگا۔

محسن رضائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں امریکی حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں واشنگٹن کو پہلے ہی بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم امریکی قیادت اپنی ناکامیوں سے سبق سیکھنے کے بجائے ایک مایوس جواری کی طرح مسلسل نئی کوششوں میں مصروف ہے۔

The war on Iran has already wrecked the US government. But Washington flails like a desperate gambler. FOLD YOUR HAND. STOP manufacturing FAKE NEWS about imaginary talks. Stop denying the West Asian NEW ORDER. Time to SURRENDER to the seven conditions Iran has repeatedly set out.

انہوں نے امریکی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ مذاکرات کے حوالے سے غیر حقیقی دعوے اور خبریں پھیلانے کا سلسلہ ترک کرے اور مغربی ایشیا میں رونما ہونے والی نئی علاقائی تبدیلیوں کو حقیقت کے طور پر تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے حالات تبدیل ہوچکے ہیں اور امریکا کو اپنی پالیسیوں میں اس نئی صورت حال کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ تہران تنازع کے خاتمے کے لیے اپنی 7 شرائط بارہا پیش کرچکا ہے اور اب واشنگٹن کو چاہیے کہ وہ ان مطالبات کو قبول کرنے میں مزید تاخیر نہ کرے۔ ایران کی جانب سے ان شرائط کو جنگ کے خاتمے کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا جاتا رہا ہے۔

دوسری جانب محسن رضائی نے اپنے بیان میں ان 7 شرائط کی تفصیلات واضح نہیں کیں اور نہ ہی ان مطالبات کے حوالے سے کوئی نئی وضاحت پیش کی۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ ختم کرانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہیں اور مختلف ذرائع سے دونوں ممالک کے مابین رابطوں اور ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔

اگرچہ ایرانی قیادت کی جانب سے امریکا کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا جارہا ہے، جبکہ واشنگٹن کی جانب سے بھی ممکنہ معاہدے کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں، تاہم اب تک دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے باضابطہ خاتمے یا کسی حتمی معاہدے پر اتفاق کا اعلان سامنے نہیں آیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت