نارتھ کراچی: کپڑوں کی فیکٹری میں لگی آگ پر 3 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

کراچی: نارتھ کراچی میں کپڑوں کی فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں کپڑوں کی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں وہاں موجود سامان جل کر تباہ ہوگیا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کا واقعہ نارتھ کراچی سیکٹر 12 کے پلاٹ نمبر ڈی پی 55 میں پیش آیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم کو ایمبولینس اور فائر بریگیڈ گاڑیوں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز نے 3 گاڑیوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کارروائی مکمل کی، جس کے بعد متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جاسکے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ آتشزدگی کے باعث فیکٹری میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی یا جاں بحق نہیں ہوا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت