منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان میں 12 صوبوں کے قیام کی تجویز، اہم آئینی تقاضے سامنے آ گئے

قومی خبریں
پاکستان میں 12 صوبوں کے قیام کی تجویز، اہم آئینی تقاضے سامنے آ گئے

اسلام آباد: پاکستان کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی بازگشت ایک بار پھر تیز ہو گئی ہے، جس کے تحت ملک کے موجودہ 4 صوبوں کو تقسیم کر کے مجموعی طور پر 12 صوبے بنانے کی تجویز زیرِ بحث ہے۔

اس مجوزہ منصوبے کا مقصد انتظامی امور کو بہتر بنانا، حکمرانی میں شفافیت لانا اور ترقیاتی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہے۔ مجوزہ خاکے کے مطابق پنجاب کو 4 ، خیبر پختونخوا کو 3 ، بلوچستان کو 3 اور سندھ کو 2 انتظامی اکائیوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔

یہ معاملہ محض انتظامی حکم یا عام قانون کے ذریعے حل ہونا ممکن نہیں۔ آئین کے آرٹیکل 239 کے مطابق صوبوں کی حدود تبدیل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم ناگزیر ہے۔ اس عمل کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، جبکہ متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی منظوری بھی لازمی شرط ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی اتفاقِ رائے کے بغیر اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانا ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ صوبائی حدود میں تبدیلی سیاسی اور لسانی حساسیت رکھتی ہے۔

اس بڑی تبدیلی کے لیے ریفرنڈم کرانے کا خیال بھی زیرِ غور ہے، تاکہ عوام کی رائے کو اہمیت دی جا سکے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کے باوجود آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

حکومتی حلقوں اور بعض سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر چھوٹی انتظامی اکائیاں عوامی مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے صوبوں میں مرکزیت کے باعث دور دراز علاقوں تک سہولیات کی رسائی مشکل ہے۔

دوسری جانب اس منصوبے کے مضمرات اور نقصانات پر بھی بحث جاری ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے سرکاری اخراجات میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ ہر نئی اکائی کے لیے الگ گورنر، کابینہ اور اسمبلی درکار ہوگی۔

اسی طرح سیاسی جماعتوں کا ردعمل بھی ملا جلا ہے۔ جہاں کچھ حلقے انتظامی اصلاحات کے حامی ہیں، وہیں سندھ کی تقسیم جیسے حساس معاملے پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات برقرار ہیں۔

مبصرین کے مطابق ابھی تک یہ صرف ایک ابتدائی تجویز ہے اور اس پر حتمی فیصلے کے لیے ملک گیر مشاورت اور ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت