بجلی کے شعبے پر ایس این جی پی ایل کے 169 ارب روپے سے زائد واجبات، کمپنی کو مالی مشکلات کا سامنا

بجلی کے شعبے کے ذمے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے واجبات بڑھ کر 169 ارب 27 کروڑ روپے ہوگئے ہیں، جس سے کمپنی کی مالی مشکلات میں اضافہ اور گیس فراہم کرنے والے اداروں کو ادائیگیوں کی صلاحیت متاثر ہونے لگی ہے۔
ایس این جی پی ایل نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے-جی) کے سربراہ کو خط لکھ کر فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی برقرار رہی تو پاکستان اسٹیٹ آئل اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو درآمدی آر ایل این جی کی عالمی ادائیگیوں میں ڈیفالٹ کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس کے ذمے 67 ارب 26 کروڑ 80 لاکھ روپے، واپڈا کے بجلی گھروں پر 63 ارب 54 کروڑ 80 لاکھ روپے جبکہ نجی بجلی گھروں (آئی پی پیز) کے ذمے 38 ارب 45 کروڑ 40 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
واپڈا کے پاور پلانٹس میں گدو کے ذمے 37 ارب 95 کروڑ 90 لاکھ اور نندی پور کے ذمے 21 ارب 39 کروڑ 50 لاکھ روپے ہیں۔ آئی پی پیز میں لبرٹی پاور کے واجبات 22 ارب 64 کروڑ 20 لاکھ روپے ہیں، جبکہ کے اے پی سی او پر 5 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ اور اورینٹ پاور پر 3 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔
گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس میں کیو اے ٹی پی ایل کے ذمے 30 ارب 62 کروڑ، بلوکی کے ذمے 22 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ اور ایچ بی ایس کے ذمے 12 ارب 47 کروڑ 60 لاکھ روپے ہیں۔
کمپنی نے ڈائریکٹر جنرل گیس، پیٹرولیم ڈویژن سے بھی واجبات کی وصولی کے لیے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ ایس این جی پی ایل کے مطابق سی پی پی اے-جی کی جانب سے فنڈز کی ناکافی فراہمی اور پاور پلانٹس کی عدم ادائیگی کے باعث واجبات جمع ہوئے ہیں۔
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل عدم ادائیگی سے اس کی مالی استعداد متاثر ہورہی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ توانائی معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، بصورت دیگر وہ معاہدوں کے تحت ریکوری کے حقوق استعمال کرسکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت