سپریم کورٹ کا دیوانی مقدمات میں جلد بازی کے فیصلوں سے گریز کرنے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے دیوانی مقدمات کے فیصلوں کے حوالے سے ایک اہم قانونی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتوں کو محض تیزی دکھانے کے لیے عجلت میں فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ عدالتی انصاف کا ترازو نہ تو مقدمہ خارج کرنے اور نہ ہی اس کی بحالی کے حق میں یکطرفہ طور پر جھکنا چاہیے۔
جسٹس محمد علی مظہر کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جب کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوتا تو جج کو اختیار حاصل ہے کہ وہ مقدمہ عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دے، تاہم اس قسم کے اقدامات انتہائی احتیاط کے متقاضی ہوتے ہیں۔
فیصلے میں موکلین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کیس کی پیروی کے حوالے سے خود بھی چوکس رہیں۔ وکلاء پر مکمل انحصار کرکے لاپروا ہو جانا موکل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ موکل کا یہ فرض ہے کہ وہ کیس کی باقاعدگی سے نگرانی کرے۔
عدالت نے وکلا کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانونی ماہرین کو مقدمات کی تاریخوں، کاز لسٹ اور عدالتی ریکارڈ کو درست رکھنا چاہیے۔ وکیل کی ذمہ داری ہے کہ وہ موکل کو ہر پیش رفت، ممکنہ خطرات اور تصفیے کی تجاویز سے بروقت آگاہ رکھے۔
تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا کہ ٹھوس وجہ کے بغیر وکیل کی غفلت سے مقدمے کا خارج ہونا پیشہ ورانہ ساکھ پر ایک بڑا داغ ہے۔ ایسی صورت میں متعلقہ بار کونسلز میں بھی شکایت دائر کی جا سکتی ہے کیونکہ یہ موکل کے اعتماد کی صریح خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ اگر انصاف کے تقاضے اور ٹھوس وجوہات موجود ہوں تو عدم پیروی پر خارج کیے گئے مقدمات کو دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے۔ مقدمات کے فیصلے محض تکنیکی باریکیوں کی نذر نہیں ہونے چاہییں بلکہ میرٹ کو مقدم رکھنا چاہیے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لاہور ہائیکورٹ میں دائر سول ریویژن درخواستوں کو بحال کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے بحالی کو 10 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی سے مشروط کیا ہے، جو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے میڈیکل سینٹر میں جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت