منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ڈبلیو بی سی ٹائٹل فائٹ کے بعد باکسرز اور ٹیموں کے درمیان شدید ہاتھا پائی

قومی خبریں
ڈبلیو بی سی ٹائٹل فائٹ کے بعد باکسرز اور ٹیموں کے درمیان شدید ہاتھا پائی

استنبول: موراڈ الیف نے اوموت کامکِران کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی سلور ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا، لیکن مقابلے کے بعد رنگ میں ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔

دونوں باکسرز کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی نے کھیل کے میدان کو میدانِ جنگ بنا کر رکھ دیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق الیف نے استنبول میں منعقدہ اس اہم مقابلے میں متفقہ فیصلے کے تحت فتح حاصل کی، تاہم، فائٹ ختم ہونے اور آخری گھنٹی بجنے کے فوراً بعد ہی رنگ میں غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی۔ تماشائیوں کی جانب اشارہ کرنے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا اور حالات بے قابو ہوگئے۔

یورپی گیمز کے سلور میڈلسٹ الیف جب رنگ میں چکر لگا رہے تھے تو اوموت کامکِران بظاہر انہیں گلے لگانے کے لیے آگے بڑھے۔ اس لمحے انہوں نے اچانک الیف پر حملہ کر دیا، جس کے بعد دونوں باکسرز آپس میں الجھ گئے اور شدید جھگڑا شروع ہو گیا۔

حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں کی ٹیمیں، آفیشلز اور سیکیورٹی اہلکار بڑی تعداد میں رنگ کے اندر کود پڑے۔ سب کی کوشش تھی کہ صورتحال پر قابو پایا جائے، لیکن اس ہنگامے نے مقابلے کی خوشیوں کو تلخی میں تبدیل کر دیا اور ماحول شدید کشیدہ ہو گیا۔

روسی نژاد 31 سالہ باکسر موراڈ الیف ماضی میں بھی تنازعات کا حصہ رہ چکے ہیں۔ 2020ء کے اولمپکس میں ڈس کوالیفائی ہونے پر انہوں نے 45 منٹ تک رنگ میں بیٹھ کر احتجاج کیا تھا۔ اس بار بھی ان کا یہ تنازع سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

اس واقعے نے باکسنگ جیسے سنجیدہ کھیل کے تقدس پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ حکام اب اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ فائٹ کے بعد پرتشدد ماحول کس وجہ سے بنا۔ فی الحال اس ہنگامہ آرائی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی توقع کی جا رہی ہے۔

کھیلوں کے تجزیہ کاروں کے مطابق باکسنگ رنگ میں اس طرح کی لڑائی کھیل کے وقار کے منافی ہے۔

منتظمین کو مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے مزید سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے ہوں گے تاکہ کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے اور کھیلوں کے مقابلوں کو پرامن رکھا جا سکے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت