تربیلا ڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کا فیصلہ، قریبی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

اٹک: تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے جس کے پیش نظر قریبی اضلاع اٹک اور ہری پور میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو دریا کے قریبی علاقوں سے دور رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
تحصیل حضرو کے رہائشیوں کو بالخصوص خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے مال مویشی اور قیمتی سامان فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔ مقامی مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو پانی کے بڑھتے ہوئے بہاؤ سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔
مشیر آبپاشی نے بتایا کہ ہنڈ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کو ایک ہزار 490 فٹ تک لایا جا رہا ہے تاکہ ڈیم کی استعداد اور تکنیکی ضروریات کو برقرار رکھا جا سکے۔
ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام کے دوران کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے وقت ایک چٹان کا کمزور حصہ گر گیا تھا جس کے باعث پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوا۔ تاہم واپڈا ترجمان نے وضاحت کی کہ مین ٹنل اور پاور ہاؤس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
واپڈا ترجمان نے مزید کہا کہ حادثے کے فوری بعد تمام ملکی اور غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل نکال دیا گیا ہے اور تربیلا کی ٹنل نمبر 5 کے منہدم ہونے کی تمام تر اطلاعات بے بنیاد اور سراسر غلط ہیں۔
تکنیکی حادثے کے بعد توسیعی پن بجلی منصوبے پر فی الحال کام روک دیا گیا ہے اور صورتحال کی نگرانی جاری ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریا کے کناروں پر جانے سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں۔ حکام کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے پوری طرح الرٹ اور تیار ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت