انسٹاگرام پر عمر چھپانا مشکل، میٹا نے بچوں کی شناخت کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کردیا
کیلیفورنیا: میٹا نے انسٹاگرام استعمال کرنے والے بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے عمر کی شناخت کرنے والی مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی کو عالمی سطح پر وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے غلط تاریخ پیدائش درج کرکے خود کو بالغ ظاہر کرنے والے کم عمر صارفین کی بھی شناخت ممکن ہوگی۔
میٹا کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد صارفین کی حقیقی عمر کا اندازہ لگانا اور انہیں عمر کے مطابق مواد فراہم کرنا ہے۔ یہ نظام صرف اکاؤنٹ میں درج تاریخ پیدائش پر انحصار نہیں کرے گا بلکہ دیگر دستیاب معلومات کی مدد سے بھی صارف کی عمر کا جائزہ لے گا۔
اگر کوئی کم عمر صارف اپنی اصل عمر چھپا کر اکاؤنٹ میں خود کو 18 سال یا اس سے زائد ظاہر کرے تو اے آئی سسٹم اس کی عمر کا دوبارہ تعین کرسکتا ہے۔ 18 سال سے کم عمر ثابت ہونے والے صارفین کو خودکار طور پر انسٹاگرام کے خصوصی ٹین اکاؤنٹس میں منتقل کیا جاسکے گا۔
واضح رہے کہ میٹا نے ستمبر 2024 میں 13 سے 17 سال کے نوجوانوں کے لیے ٹین اکاؤنٹس متعارف کرائے تھے، جن میں نامناسب مواد تک رسائی محدود کرنے، غیر ضروری رابطوں کی روک تھام اور ایپ کے استعمال کے وقت کو کنٹرول کرنے جیسی حفاظتی سہولیات شامل ہیں۔
کمپنی نے یہ ٹیکنالوجی ابتدائی طور پر اپریل 2025 میں متعارف کرائی تھی، تاہم اب اسے دنیا بھر میں وسعت دی جارہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں امریکا میں والدین کو انسٹاگرام فیڈ پر خصوصی ویڈیوز کے ذریعے بتایا جائے گا کہ پلیٹ فارم نوعمر صارفین کی شناخت اور ان کے تحفظ کے لیے یہ اقدامات کس طرح کررہا ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا اس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت