منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان کا عالمی بینک سے 1.7 ارب ڈالر کا قرض لینے کا فیصلہ

قومی خبریں
پاکستان کا عالمی بینک سے 1.7 ارب ڈالر کا قرض لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان نے ٹیکسوں کا دائرہ وسیع کرنے اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے عالمی بینک سے ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس پروگرام کا بنیادی مقصد وفاقی اور صوبائی سطح پر مالیاتی نظام میں شفافیت اور بہتری لانا ہے۔

پبلک ریسورسز فار انکلوسیو ڈیولپمنٹ نامی اس کثیر المیعادی پروگرام سے چاروں صوبے اور وفاقی حکومت مستفید ہوں گے۔ عالمی بینک اس رقم کو مختلف مراحل میں جاری کرے گا تاکہ حکومتی اخراجات کو آئینی اختیارات کی تقسیم کے مطابق ہم آہنگ کر کے مالیاتی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

قرض کے پہلے مرحلے میں 70 کروڑ ڈالر کی منظوری گزشتہ برس دی گئی تھی، جس میں وفاق کیلیے 60 کروڑ اور سندھ حکومت کیلیے 10 کروڑ ڈالر مختص تھے۔

اگرچہ اصلاحات پر عملدرآمد کی رفتار سست رہی، تاہم حکومت نے اس اہم پروگرام کو جاری رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔

عالمی بینک کی حالیہ رپورٹس کے مطابق قرض کا نفاذ مئی 2026 میں موثر ہوا اور اب تک اس ضمن میں پیشرفت کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔ پروگرام کے اگلے مراحل میں خیبر پختونخوا کیلیے 20 کروڑ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جبکہ بعد ازاں پنجاب اور بلوچستان کو بھی فنڈز فراہم ہوں گے۔

اس پیکیج کا مقصد محصولات میں اضافہ، سرکاری اخراجات کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور مالیاتی نظام کو ڈیجیٹلائز کرنا ہے۔ حکومت کو زرعی آمدن پر ٹیکس عائد کرنے، جائیدادوں کی ٹیکس وصولی کو شفاف بنانے اور زمینوں کا ریکارڈ جدید خطوط پر استوار کرنے جیسی سخت شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔

ان اصلاحات کے ذریعے حکومت عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو بھی مربوط بنانا چاہتی ہے۔ قرض کی فراہمی کا یہ عمل پاکستان کے معاشی اعشاریوں میں بہتری لانے اور طویل المدتی مالیاتی خود انحصاری کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی امید ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت