فرانس میں مہنگائی کے خلاف احتجاج رنگ لے آیا:کم از کم اجرت میں اضافے کافیصلہ

پیرس: فرانس میں مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں حکومت نے کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو کے مطابق اجرت میں مجوزہ اضافہ جنوری 2027 کے بجائے یکم دسمبر 2026 سے نافذ ہوگا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانسیسی حکومت نے کم از کم اجرت میں 1.6 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ماہانہ خالص کم از کم تنخواہ 1,477.93 یورو سے بڑھ کر تقریباً 1,502 یورو ہوجائے گی۔ اس طرح ملازمین کو ماہانہ تقریباً 24 یورو اضافی ملیں گے۔
وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو نے پیرس میں آجروں اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد اس اقدام کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی قوتِ خرید بہتر بنانے اور اجرتوں میں اضافے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
فرانس میں گزشتہ کئی ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ابتدا میں یہ مظاہرے تعلیمی اداروں کے لیے ناکافی فنڈز کے خلاف شروع ہوئے، تاہم بعد ازاں مہنگائی، کم آمدنی اور عوامی خدمات سے متعلق شکایات بھی احتجاج کا حصہ بن گئیں۔ 17 اکتوبر کو بڑے شہروں میں ہونے والے مظاہروں کے دوران جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔
دوسری جانب مزدور تنظیموں نے حکومت کے اعلان کردہ اضافے کو ناکافی قرار دیا ہے۔ فرانس کی بڑی مزدور تنظیم سی ایف ڈی ٹی نے ماہانہ کم از کم اجرت میں 100 یورو اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ سی جی ٹی یونین نے تقریباً 10 فیصد اضافے کی حمایت کی ہے۔
سی جی ٹی کی سربراہ سوفی بنیے نے حکومتی اعلان پر تنقید کرتے ہوئے 17 نومبر کو مزید ہڑتالوں اور مظاہروں کی اپیل بھی کی ہے۔
فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ کم از کم اجرت میں اضافے کے ساتھ تنخواہوں کے نظام کو بہتر بنانے اور ملازمین کی قوتِ خرید میں اضافے کے لیے مزید اقدامات پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت