یمن میں کوئی فوجی دستے نہیں بھیجے: شامی وزیرخارجہ کی تردید

دمشق: شام کے وزیر خارجہ اسد الشیبانی نے کہا ہے کہ شام نے یمن میں کوئی فوجی دستے نہیں بھیجے اور نہ ہی ایسا کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور ہے۔
اردن کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اسد الشیبانی نے کہا کہ اگرچہ شام اور سعودی عرب کے درمیان اس ماہ دفاعی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں تاہم یمن کی قانونی حکومت کے ساتھ فوج بھیجنے سے متعلق کوئی معاہدہ موجود نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک کسی بھی فوجی منصوبے کا اعلان کیا جائے گا، اسے خفیہ نہیں رکھا جائے گا۔
شامی وزیر خارجہ کے مطابق ریاض کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ فوج سمیت ریاستی اداروں کی تعمیرِ نو کے لیے اہم ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جو شام کی حکومت کے تعمیرِ نو کے منصوبوں میں دمشق کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ سعودی عرب 2015 سے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف فوجی مہم میں شامل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت